بھٹکل 20 جون (ایس او نیوز) یہاں قلب شہر شمس الدین سرکل پر ایمبولنس اور آٹو رکشہ کی ٹکر میں آٹو رکشہ کے پرخچے اُڑ گئے، ایمبولنس کے سامنے والے حصے کو بھی کافی نقصان پہنچا، البتہ آٹو ڈرائیور معمولی زخموں کے ساتھ بال بال بچ گیا۔ حادثہ اتوار شام قریب پانچ بجے پیش آیا۔
ایمبولنس ڈرائیور نے بتایا کہ وہ ہوناور سے ایک مریضہ کو لے کر منی پال جارہا تھا، جبکہ آٹو رکشہ ساگر روڈ سے بندر روڈ کی طرف جارہا تھا جس کے دوران سرکل پر یہ حادثہ پیش آیا۔ اچھا ہوا کہ آٹو رکشہ پر کوئی مسافر سوار نہیں تھا۔
بتایا گیا ہے کہ ایمبولنس سائرن بجاتے ہوئے تیز رفتاری کے ساتھ منی پال کی طرف جارہی تھی، سرکل پر آٹو کو ٹکر مارتے ہی آٹو پلٹیاں کھاتے ہوئے بندر روڈ کی طرف جاگرا۔ آٹو ڈرائیور ناگراج تمپا دیواڑیگا کے سر اور پاوں کو تھوڑی بہت چوٹ لگی ہے اور اسے بھٹکل سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
حادثے میں ایمبولنس پر سوار ایک مریضہ اور اس کے ساتھ موجود خاتون دونوں محفوظ رہ گئے ، انہیں بھٹکل سے دوسری ایمبولنس کے ذریعے فوری طور پر منی پال بھیج دیا گیا۔